پاراچنار میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایک نوجوان زخمی

پاراچنار میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق سرحدی علاقے شنگک بسو کلی میں آج علی الصبح کھیتوں میں چھپائے گئی بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا، جس میں ہادی حسین نامی ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ جسے فوری طور ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا، جہاں پر ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور تلاش کرنے پر دو مزید بارودی سرنگیں برآمد ہوئیں، جنہیں بعد میں ناکارہ بنادیا گیا۔ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں، علاقہ مشران نے ملوث شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دسرے جانب سرکاری آٹا کی تقسیم کے دوران غریب شہری ٹرک کے نیچے آگیا، جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی آٹا کا بحران جاری ہے جس سے نمٹںے کے لیے سرکاری سطح پر کم نرخوں پر آٹا کی فراہمی جاری ہے۔

پشاور کے علاقے رنگ روڈ کبوتر چوک میں آٹا کی تقسیم جاری تھی کہ دھکم پیل کے دوران شہری آٹا تقسیم کرنے والے ٹرک کے نیچے آگیا۔

اطلاعات کے مطابق شہری کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسے بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل متھرا میں بھی آٹے کی تقسیم پر ہنگامہ آرائی ہوگئی تھی۔