پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلے ٹی 20 میں آج مدمقابل

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے کراچی میں ہورہا ہے، دونوں ٹیموں نے کمر کس لی ہے۔

کراچی میں لائیو ایکشن شام 7:30 بجے شروع ہوگا جبکہ گزشتہ روز سیریزکی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی۔ کپتان بابراعظم کہتے ہیں کہ گرین شرٹس انگلش ٹیم سے مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہے، سیریز پاکستان اور ان کے لئے بہت اہم ہے۔

سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہی کے لئے قومی کرکٹرز پہلے ٹی 20 کے دوران خصوصی جرسیاں زیب تن کریں گے۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کی وجہ سے کراچی میں ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس دوران کپتانی کے فرائض معین علی انجام دیں گے۔

کپتان معین علی کا کہنا ہے کہ شاید بٹلر آخری 2 میچز کے لئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

اعداد و شمار دیکھیں تو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان اب تک کل 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے، جن میں سے 14 میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ گرین شرٹس صرف 6 میچز جیت سکی اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

2015 میں شارجہ میں ہونے والا میچ انگلینڈ نے ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور پر جیتا تھا۔

دسرے جانب آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی آفیشل کٹ متعارف کر وادی گئی۔

قومی ٹیم کی نئی ٹی 20 ورلڈ کپ آفیشل کٹ کو تھنڈر کا نام دیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پر آفیشل کٹ رونمائی کی ویڈیو بھی لانچ کی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے نئی جرسی مینز اور ویمنز دونوں ٹیموں کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔

آفیشل کٹ کی رونمائی قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کی ، اس کے علاوہ نسیم شاہ، شاداب خان اور ویمنز ٹیم کی کائنات امتیاز اور فاطمہ ثناء نے تھنڈر کٹ پہن کر فوٹو شوٹ کروایا۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں ہورہا ہے، پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف 23 اکتوبر کو میلبورن میں کھیلے گی۔