ضلع کرم میں شہریوں کی امن واک، محبت کا پیغام

ضلع کرم کے علاقہ صدہ میں امن کیلئے واک کی گئی، جس میں اپر کرم، لوئر کرم اور سنٹرل کرم کے نوجوانوں اور عمائدین نے سفید جھنڈے لہرا کر امن سے محبت اور بدامنی سے نفرت کا اظہار کیا۔

واک کے شرکا صدہ بازار کے مختلف علاقوں اور مین روڈ سے گزرے، شہریوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر امن کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں طفیل شاہین، رفیع اللہ چمکنی، میر افضل خان طوری اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں امن کی ضرورت ہے، اس وجہ سے امن سے محبت اور بدامنی سے نفرت کرتے ہیں۔ بدامنی اور دہشت گردی کے نقصانات ہم نے خود دیکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مزید ضلع کرم میں بدامنی برداشت نہیں کرسکتے اور حکومت اگر ضلع کرم کو مزید ترقی سے محروم رکھنا چاہتی ہے تو بھی ہمیں کوئی گلہ نہیں لیکن ہم مزید بدامنی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ضلع کرم میں ایک ہفتے کے دوران دہشت گردی کے دو واقعات میں چھ ایف سی اہلکار شہید و زخمی ہوگئے ہیں اور مختلف علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی، اس لئے حکومت اور ذمہ دار ادارے قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔