چینی وزیر دفاع سی پیک کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر آرمی چیف کے شکر گزار

چینی وزیر دفاع نے ملاقات میں سی پیک کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاک چین فوجی تعاون باہمی تعلقات میں اہم ستون ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ چین کے 2 روزہ دورے پر پہنچے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کی چینی وزیردفاع سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں چینی وزیردفاع نے کہا کہ چین پاکستان کیساتھ تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتاہے۔

چینی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاک چین فوجی تعاون باہمی تعلقات میں اہم ستون ہے، پاکستان اور پاک فوج کیساتھ باہمی تعاون کوفروغ دینا چاہتے ہیں۔

ملاقات میں انھوں نے مزید کہا سی پیک پرپیش رفت سےدونوں ممالک کوفائدہ ہوگا، سی پیک کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر آرمی چیف کے شکر گزار ہیں، خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں گراں قدرہیں۔

چینی وزیردفاع نے سیلاب کی بدترین تباہ کاریوں پر اظہار رنج وغم کرتے ہوئے کہا چین سیلاب متاثرین کیلئےہرممکن امداداورتعاون کرے گا۔

چینی وزیردفاع نے پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔

آرمی چیف نے چینی وزیردفاع کے جذبات اور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

دسرے جانب چین نے پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے مزید 500 ملین یوان کی امداد کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کے دورے کے اثرات نمایاں ہونے لگے ، چین نے سیلاب زدگان کیلئے مزید امداد کا اعلان کردیا۔

چین نے ہنگامی بنیاد پر انسانی ہمدردی کے تحت پاکستان کے لئے 100 ملین یوان دینے کا اعلان کیا۔

چینی حکومت سیلاب متاثرین کے لئے 300 ملین یوان دے گی جبکہ پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے 100 ملین یوان کا اعلان کیا گیا ہے۔

چین سیلاب زدگان کیلئے مجموعی طور پر 500 ملین یوان امداد دے گا ، چینی امداد 71.3 ملین ڈالر اور پاکستانی کرنسی میں 15.8 ارب روپے بنتی ہے۔

یاد رہے اس سے قبل آرمی چیف کی طرف سے سیلاب زدگان کیلئے اپیل پر یو اے ای سمیت عالمی امدادی ادارے بڑے اعلان کرچکے ہیں۔