آرمی چیف کی درخواست پر ہنگری نے پاکستانی طلباء کیلیے اسکالر شپ بڑھا کر 400 کر دیں

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورے کے موقع پر ہنگری نے پاکستانی طلباء کے لیے اسکالر شپ 200 سے بڑھا کر 400 کر دیں۔

آرمی چیف کی ہنگری کے وزیر خارجہ سے بوداپست میں ملاقات ہوئی، ہنگری کے وزیر خارجہ نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے دوست ممالک کے نیک جذبات اور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ ہنگری نے تجارت، زراعت اور آبی وسائل کی مینجمنٹ ٹیکنالوجی میں تعاون کی پیشکش کی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہنگری کے تعاون سے ماحولیاتی اثرات پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔

اس کے علاوہ، آرمی چیف کی ہنگری کے کمانڈر ڈیفنس فورسز سے بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔