خیبر پختونخوا حکومت کا سیلاب زدگان کے لیے معاوضوں کا اعلان

خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب زدگان کے لیے معاوضوں کا اعلامیہ جاری کردیا، زخمی کو دو لاکھ اور جاں بحق فرد کے ورثاء کو 8 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے اعلامیے کے مطابق مکمل تباہ ہونے والے گھروں کو چار لاکھ اور جزوی نقصان پہنچنے والے گھروں کو ایک 60 ہزار روپے دیے جائیں گے، ہلاک ہونے والے بڑے جانوروں کے مالکان کو 60 ہزار اور چھوٹے جانوروں کے مالکان کو 8 ہزار روپے ملے گے۔

اسی طرح فصلیں تباہ ہونے کے عوض بھی زرتلافی دیا جائے گا، فصلوں کو نقصان پہنچنے کا معاوضہ 10 ہزار روپے فی ایکڑ مقرر کیا گیا ہے، فصلیں تباہ ہونے والے متاثرہ خاندانوں کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے، 80 ہزار روپے معاوضہ فی متاثرہ باغ کے مالک کو دیا جائے گا۔

دسرے جانب ڈیرہ اسماعیل خان کی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پروآ کرامت اللّٰہ نے ہزارہ پکہ ڈرین کا دورہ کیا۔

شہر پناہ کی خستہ حالی کا جائزہ لیا اور موقع پر واپڈا سی ار بی سی کے افسر کو تعمیر سے متعلق ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس کے علاوہ محمد اقبال خان وزیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کے جائزہ کے سلسلے سے حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر من و عن عمل درآمد اور شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصلدران کے ساتھ اہم اجلاس کا انعقاد کیا۔