پاراچنار میں بس سٹینڈ کا افتتاح کردیا گیا

رکن صوبائی اسمبلی سید اقبال میاں نے پاراچنار میں بس سٹینڈ کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین اور معززین نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ایم پی اے سید اقبال میاں اور اے ڈی لوکل گورنمنٹ رحمان خان نے کہا کہ پاراچنار شہر میں بس سٹینڈ کی تعمیر سے عوام کو سفری سہولیات میں آسانی پیدا ہوگی.

انہوں نے کہا کہ بس سٹینڈ میں جدید طرز پر زنانہ اور مردانہ انتظار گاہ تعمیر ہوگی، اور اس میں دکانیں، مسجد اور ٹیوب ویل بھی تعمیر کیے جائیں گے اور عوام کو ایک صاف ستھرا ماحول میسر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس کی آمدنی ٹی ایم اے کو دی جائے گی، جس سے ٹی ایم اے کے نہ صرف ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ شہر کی صفائی ستھرائی اور دیگر مینٹی نینس کا کام بھی ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے کو ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا تھا، ان شاء اللہ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے ٹی ایم اے کو سالانہ کروڑوں روپے آمدنی ہوگی۔

اے ڈی لوکل گورنمنٹ رحمان خان نے کہا کہ اس پراجیکٹ پر ساڑھے تین کروڑ روپے لاگت آئی گی اور یہ اگلے سال مارچ تک مکمل ہوجائے گا۔

تقریب میں انجمن حسینیہ کے ڈپٹی سیکرٹری مولانا منیر حسین نے بس سٹینڈ کی تعمیر کو بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے لوکل گورنمنٹ اور ایم پی اے سید اقبال میاں کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل ایم پی اے سید اقبال میاں نے باقاعدہ پردہ کشائی کرکے بس سٹینڈ کا افتتاح کیا۔