سوات: 35 کلو میٹر سڑک صرف 7 دن میں بحال

کالام بحرین سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، اور غذائی اجناس کی سپلائی شروع ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق کالام بحرین سڑک حالیہ بارشوں اور سیلاب میں 19 مقامات پر بہہ گئی تھی، 35 کلو میٹر اس سڑک کو صرف 7 دن میں بحال کر دیا گیا ہے۔

سڑک کی بحالی کے بعد کالام سے سبزیوں کی گاڑیاں ملک کے دیگر شہروں کے لیے روانہ ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا حکومت کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پاک آرمی کے انجینئرز کی مشترکہ کوششوں سے سیلاب سے متاثرہ بحرین تا کالام روڈ بحال ہوئی۔

یہ سڑک فی الوقت چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھولی گئی ہے، سڑک بحال ہونے سے کالام اور ملحقہ علاقوں اتروڑ، مٹلتان، پلوگہ، اریانئ، لائکوٹ، گبرال تک اشیائے خور و نوش اور ادویات اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل میں آسانی ہوگی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آج بحرین تا کالام سڑک کو بحال کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جس کا میں نے دورہ کالام کے دوران سیلاب متاثرین اور سیاحوں سے وعدہ کیا تھا.

انہوں نے کہا تھا کہ راستے کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور 11 کور کے اہل کار لائق تحسین ہیں۔