شمالی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشتگرد کمانڈر طفیل ہلاک

سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے دہشت گرد کمانڈر طفیل کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا اور میر علی میں الگ الگ آپریشن کیے، میر علی میں آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دہشت گرد کمانڈر طفیل مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، مارا گیا دہشت گرد فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔

دہشت گرد طفیل دیسی ساختہ بموں کی تیاری اور شہریوں کے قتل میں ملوث رہا، وہ میر علی اور گرد و نواح میں کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا۔

اس سے قبل سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 5 جوان شہید ہوگئے۔

ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، شہداء میں کیپٹن عبدالولی، نائب صوبیدار نواز، حوالدار غلام علی، لانس نائیک الیاس اور سپاہی ظفر اللہ شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔