سیلاب زدگان کی بحالی کیلیے دوست ممالک آرمی چیف سے رابطے میں ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور امداد کے لیے دوست ممالک آرمی چیف سے مسلسل رابطے میں ہیں، موجودہ صورتحال کے پیش نظر یومِ دفاع کی مرکزی تقریب مؤخر کردی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میں آپ کو اب تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں افواجِ پاکستان کی امدادی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کروں گا.

انہوں نے کہا کہ فوج متاثرہ علاقوں میں دو ماہ سے دن رات مصروفِ عمل ہے، جولائی اور اگست میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنسز میں بھی سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کا عزم کیا گیا اور اس حوالے سے آرمی چیف نے خصوصی ہدایات دیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی کی سطح پر کمانڈر آرمی ائیر ڈیفنس کمانڈ کی سر براہی میں آرمی فلڈ ریلیف کوآرڈی نیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، RRR Strategy یعنی ریلیف، ریسکیو اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کے تحت افواجِ پاکستان سول انتظامیہ اور فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

بابر افتخار نے کہا کہ آرمی چیف نے سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے تفصیلی دورے کیے ہیں اور وہاں پر جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ بھی لیا ہے.

انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی کی تمام فارمیشنز اور سینئر کمانڈرز موجود ہیں اور امدادی کارروائیوں میں مصروفِ عمل ہیں، پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز مسلسل متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائی کررہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ اب تک ہیلی کاپٹر کی 276 پروازیں مختلف علاقوں میں آپریٹ کی گئیں، خراب موسم اور دیگر مسائل کے باوجود پاکستان آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر نا صرف لوگوں کو ریلیف دیا بل کہ اُن تک ضروری اشیا کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا۔