لکی مروت : پولیس موبائل پر فائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید

لکی مروت میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق لکی مروت میں میں انڈس ہائی وے پر شہباز خیل کے قریب رات گئے پولیس اہلکار گاڑی میں معمول کے گشت پر تھے کہ نادریہ ہوٹل کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں اے ایس آئی جمشید خان شہید ہوگئے جبکہ کانسٹیبل انعام اللہ زخمی ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او لکی مروت ضیاءالدین احمد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ یاد رہے کہ شہید ہونے والے اے ایس آئی جمشید خان کے والد خیبر پختونخوا پولیس سے بحیثیت ڈی ایس پی ریٹائر ہوچکے ہیں، جمشید خان شہید چند دن پہلے یہاں شہبازخیل چوکی انچارج تعینات ہوئے تھے۔