آئی ایم ایف سے پاکستان کو 1.16 ارب ڈالر کی قسط موصول

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی طرف سے پاکستان کو 1.16 ارب ڈالر کی قسط موصول ہوگئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت مشترکہ ساتویں اور آٹھویں جائزے کو مکمل کیے جانے کے بعد 1.16 ارب ڈالر کی رقم جاری کر دی ہے۔

بیان کے مطابق آئی ایم ایف کی طرف سے جاری کردہ رقم سے مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور کثیر جہتی، دو طرفہ ذرائع سے مزید رقوم کی وصولی میں بھی مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دی تھی، ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا قرض پروگرام بحال کرتے ہوئے 1.17 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔

آئی ایم ایف بروگرام کی بحالی پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ قوم کو مبارک ہو پاکستان نادہندہ ہونے سے بچ گیا ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کا پروگرام بحال کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان کو قرض کی ساتویں اور آٹھویں قسط مل جائے گی۔