ہر متاثرہ شخص تک ریسکیو اور دیگر امدادی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کمشنر ڈیرہ

کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین تک رسائی حاصل کرنے اور ہر متاثرہ شخص تک ریسکیو اور دیگر امدادی خدمات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اسی تسلسل میں ڈپٹی کمشنر ٹانک حمید اللہ خٹک نے اپنی نگرانی میں ضلع ٹانک میں بارشوں اور سیلاب سے خراب تین مین روڈز سمیت 18 چھوٹے رابطہ سڑکیں آمدورفت کیلئے کلیئر کر دئیے ہیں اور اس کے ساتھ ہی تقریباً 1000 تباہ حال گھروں میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے گھر گھر جا کر خیمے نصب کر دئیے ہیں، جس میں مستحق لوگوں کو اشیاء خوردونوش اور دوسری روزمرہ استعمال کی چیزیں مہیا کی جا رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ٹانک نے کہا کہ ضلع ٹانک میں تین رہائشی کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں پر 750 لوگوں کو دیگر ضروریات زندگی کے علاؤہ صبح، دوپہر اور شام کو خوراک دی جا رہی ہے۔ ٹانک میں 13 میں سے 12 فیڈرز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے اور ایک فیڈر پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمینی رابطہ منقطع ہونے والے علاقوں راغزہ اور مانجھی کے علاقوں کو پاک فوج، فرنٹئیر کور کے تعاون سے پہلے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اشیاء خوردونوش اور دوسرے اشیاء پہنچائی جا رہی تھیں جبکہ اونٹوں کے ذریعے اشیاء خوردونوش سمیت متعدد ضروریات زندگی بھی پہنچائی جا رہی ہیں۔