ٹانک : سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس کی امدادی سرگرمیاں جاری

ٹانک کے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں ٹانک پولیس کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس پوسٹس سدگی، گل امام، مانجھی خیل اور کوڑ قلعہ پر قائم کئےگئے فلڈ ریلیف کیمپس سیلاب زدگان کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کیلئے مکمل طور پر فعال ہیں، پولیس سمیت ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی فورسز اور محکمہ صحت کے افسران موقع پر موجود ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ تمام افراد کو راشن اور میڈیکل کی سہولیات سمیت ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں ضلع ٹانک و سب ڈویژن جنڈولہ کے تمام سیلاب زدہ علاقوں میں ٹانک پولیس کے افسران اور جوانوں کیجانب سے بھرپور امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

یاد رہے کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث 9 افراد جاں بحق 25 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ ت

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب کی تباہ کاریوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، اب تک 9 افراد جاں بحق 25 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ سینکڑوں مال مویشی ہلاک اور 160 سے زیادہ دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔ کئی قدیم بستیاں اجڑ گئی ہیں۔

علاوہ ازیں آج ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درازندہ انعام وزیر نے پاک آرمی کے ہمراہ درازںدہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کی خبر گیری کی اور ان میں امدادی سامان تقسیم کیا.