بارشوں سے متعلق اجلاس : وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر کی شرکت

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور، قائم مقام گورنر جان محمد جمالی، مشیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے پی ڈی ایم اے کی آفس کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ قدوس بزنجو اور جنرل آصف غفور نے پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم اور کال سینٹر کا معائینہ کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں پی ڈی ایم اے حکام کی جانب سے اعلیٰ حکام کو موسم کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال، نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ صوبے میں کل سے مزید بارشوں کی پیشن گوئی ہے۔ جو مزید تین دن جاری رہیں گی۔ امدادی سرگرمیوں کو مزید مربوط کرنے، مواصلاتی رابطوں کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاک فوج مواصلاتی رابطوں کی بحالی اور عارضی پلوں کی تعمیر میں معاونت کریگی۔ جن ڈیموں پر دباؤ ہے۔ انکی مسلسل نگرانی اور مضبوطی کو یقینی بنایا جاۓ گا۔ نقصانات کے جائزہ کے لئے مشترکہ سروے میں پاک فوج بھی معانت کریگی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اس موقع پر کہا کہ شدید بارشوں سے ایک بڑا ڈیزاسٹر پیدا ہوا ہے۔ سیلاب سے صرف ایک دو نہیں بلکہ تمام اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ تمام ادارے اپنی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی گائڈ لائن کے مطابق تمام وسائل برؤے کار لائے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے پی ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنروں کو فوری ضروریات کے لئے فنڈز فراہم کر دیئے ہیں۔

کماندر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا کہ اس وقت پاک فوج کے 4500 جوان اور افسران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے ٹروپس متاثرہ علاقوں میں قیام پزیر ہیں، تاکہ ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے میں مدد کر سکیں۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں نقصانات کی ایک بڑی وجہ آبی گزرگاہوں اور نالوں پر تجاویزات ہیں۔

اجلاس میں آبی گزرگاہوں اور نالوں پر غیر قانونی تجاویزات کے خاتمے کے لئے جاری اقدامات کو تیز کرنے فیصلہ کیا گیا۔ مواصلاتی رابطوں کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کے لئے بھاری مشنری کرایہ پر حاصل کی جائے گی۔