سراج الحق سیلاب متاثرین کے پاس پہنچ گئے

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پی ٹی آئی سیلاب سے متاثرہ عوام کے دکھوں سے بے پرواہ ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی مکمل طور پر ناکام ہوچکے، دونوں کا چہرہ عوام نے دیکھ لیا، آج ہماری پوری قوم کو حکمرانوں نے خیرات کھانے والی قوم بنادیا ہے۔

دوسری جانب سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق سیلاب سے متاثرہ علاقے تونسہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا 3 روزہ دورہ کریں گے۔

قیصر شریف کے مطابق آج ناڑی، وہوا، فاضل پور کے ریلیف کیمپس کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ عوام سے خطاب بھی کریں گے، اس دوران سراج الحق ڈی جی خان، راجن پور اور مظفرگڑھ میں ریلیف کے کام کا جائزہ لیں گے۔

قیصر شریف نے بتایا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار بڑے پیمانے پر ریلیف کا کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، حکومت کی نااہلی اور غفلت سے لاکھوں لوگ فاقوں پر مجبور ہیں، سیاسی لیڈروں کو ذاتی مفادات کی لڑائی کی بجائے آفت زدہ علاقوں میں ہونا چاہیے۔