قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹ کے کھلاڑی عرفان محسود نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کر دیا۔
نمائندہ ٹرائبل پریس کے مطابق عرفان محسود نے ساٹھ کلو وزن کے ساتھ انگلیوں انگلیوں کےسِروں کے بل پر ایک منٹ میں 34 پش اپ کرکے 23واں عالمی ریکارڈ بنا لیا۔
عرفان محسود کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کی ایپلی کیشن موصول ہوئی ہے اور ایک منٹ میں 34 پش اپس کے ساتھ اب آپ ریکارڈ ہولڈر ہے جس کی سند کیلئے آپ آرڈر دے سکتے ہیں۔
ٹرائبل پریس کے ساتھ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان محسود کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے ریکارڈ بنا کر خوشی محسوس کرتا ہوں اور ملک کے لئے مزید ریکارڈ بنانا چاہتا ہوں۔
خیال رہے کہ مارشل آرٹ کے ماہر محمد عرفان محسود نے فائن آرٹس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے اور آج کل وہ ایم فل کے سکالر ہیں۔
اس سے پہلے وہ کنگ فو میں نیشنل چمپئین بھی رہ چکے ہیں۔