لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کور کمانڈر کوئٹہ تعینات

سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کردیئے گئے ہیں۔

ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی شہادت کے بعد کمانڈر 12 کور کا کمان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کور کمانڈر کوئٹہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں سیلاب متاثرین کی ریلیف آپریشن کی نگرانی کے دوران لاپتہ ہو گیا تھا.

بعد ازاں آئی ایس پی آر نے ایک حادثہ کے نتیجے میں انکی شہادت کی تصدیق کی تھی اور کمانڈر 12 کور کا عہدہ خالی ہو گیا تھا۔

دسرے جانب بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر محمد خالد کی نماز جنازہ آرمی قبرستان میں ادا کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سمیت اعلیٰ عسکری اور سیاسی حکام و وزراء شریک ہوئے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، غیر ملکی شخصیات اور ریٹائرڈ عسکری اور سول حکام کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں موجود تھی۔

آرمی چیف نے شہداء کے اہل خانہ کو قومی پرچم پیش کیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان سے لاپتہ ہوگیا تھا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ میں وندر کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا۔

حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران شہید ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کا حادثہ خراب موسمی صورتحال کے باعث پیش آیا۔

شہداء میں بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔ بریگیڈیئر امجد حنیف کی بطور میجر جنرل ترقی کی منظوری ہوچکی تھی۔