ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خیبرپختونخوا غلام حسین غازی نے کہا ہے کہ صوبے میں ضم ہونے والے سات قبائلی اضلاع میں پریس کلبوں کو مزید فعال بنانے کے لئے سروے کا کام شروع کیا گیا ہے اور انفارمیشن سنٹرز کے ساتھ ساتھ قبائلی اضلاع میں ایف ایم ریڈیو سٹیشنز قائم کرنے اور پہلے سے موجود سٹیشنز کو مزید فعال بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
پاراچنار پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے غلام حسین غازی نے کہا کہ ان کی قیادت میں صوبائی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ایک چھ رکنی ٹیم قبائلی اضلاع کے دورے پر ہے جو ان علاقوں میں قائم پریس کلبوں کو مزید فعال بنانے اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے گی جن میں پریس کلبوں میں نئی تعمیرات اور سالانہ گرانٹ کے علاؤہ میڈیا کالونیوں کا قیام بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاراچنار سمیت جن قبائلی اضلاع میں جہاں ایف ایم ریڈیو سٹیشنز قائم نہیں ہیں وہاں ایف ایم ریڈیو سٹیشنز قائم کئے جارہے ہیں اور جہاں پہلے سے موجود ہیں انہیں مزید فعال بنایا جارہا ہے تاکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ایف ایم ریڈیوز بہترین طریقے سے خدمات انجام دے سکیں۔
اس موقع پر پریس کلب پاراچنار کے چیئرمین علی افضل افضال نے ضلع کرم میں صحافیوں اور پریس کلب کو درپیش مشکلات سے وفد کو آگاہ کیا، وفد نے 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر سے بھی ملاقات کی، بریگیڈیئر نجف عباس اور ڈاکٹر آفاق وزیر نے ریڈیو سٹیشنز کے قیام اور دیگر منصوبوں کی تکمیل میں وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ ضروری کارروائی سے ایک دو روز میں وفد کو آگاہ کریں گے۔