محکمہ تعلیم کی غیر سنجیدگی، ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی عدم توجہی و غیر سنجیدگی کے باعث ملاگوری کے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

اس حوالے سے جماعت اسلامی ملاگوری کے ناظم و سماجی شخصیت صوبیدار (ر) سبز علی ملاگوری اور مقامی طلباء کے والدین نے میڈیا کو بتایا کہ گورنمنٹ ہائی سکو ل لوڑہ مینہ میں اساتذہ کی 8 آسامیاں خالی پڑی ہیں اس کے علاوہ  مقامی طلبہ کو7ماہ گزرنے کے باوجود بھی تاحال تدریسی کتب فراہم نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے طلبہ کی پڑھائی شدید متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گنجان آباد علاقہ لوڑہ مینہ میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول میں عرصہ دراز سے اساتذہ کی شدید کمی ہے اور مذکورہ سکول میں 3 سی ٹی، 1 ایس ای ٹی، 1 پیش امام جبکہ پی ٹی سی کی 2 آسامیاں خالی پڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سکول کیلئے برہ درہ، تاتارہ، ژورہ مینہ سمیت دیگر دوردراز کے علاقو ں سے طلبہ پڑھنے کیلئے آتے ہیں مگر اساتذہ کی کمی اور کتب کی غیر موجودگی کی وجہ سے مقامی طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے۔

مقامی والدین نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ 20ہزار سے زائد کی آبادی کیلئے صرف ایک ہی پرائمری سکول ہے اور اس میں بھی اساتذہ کی کمی ہے جوکہ قابل افسوس ہے۔

صوبیدار (ر)سبز علی ملاگوری نے بتایا کہ ضلعی تعلیمی آفیسر کو مذکورہ سکول کے مسائل کے بارے میں کئی بار درخواستیں اور شکایات کی گئیں مگر ان کی غیر سنجیدگی اور عدم توجہی کے باعث مسائل جوں کے توں ہیں۔

مقامی والدین نے تمام حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ ہائی سکول لوڑہ مینہ ملاگوری کی حالت زار پر رحم کی جائے اور سکول میں اساتذہ کی کمی اور کتب کی فی الفور فراہمی کردی جائیں تاکہ مقامی طلباء تعلم حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں بصور ت دیگر ضلعی ایجوکیشن آفیسر کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے جو کہ مسائل کے حل تک جاری رہے گا۔