تین روز سے بند سکردو روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے بعد تین روز سے بند جگلوٹ سکردو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

حالیہ بارشوں کے دوران لینڈسلائیڈنگ سے سکردو روڈ روندو میں کئی مقامات پر بلاک ہوا تھا اور روڈ کے دونوں اطراف سینکڑوں سیاح پھنسے ہوئے تھے۔

تین روز کے بعد روڈ کو بحال کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پھنسے ہوئے سینکڑوں سیاحوں کو روندو ڈمبوداس اور تھوار کے عوام نے اپنے گھروں میں بٹھا کر رکھا جبکہ مقامی انتظامیہ نے بھی مختلف دفاتر اور ریسٹ ہائوسز میں سیاحوں کیلئے جگہ بنائی۔

مقامی رضاکاروں نے سیاحوں کیلئے کھانے پینے کا انتظام کیا۔

دسری جانب ہنزہ سے گلگت آنے والی سیاحوں سے بھری گاڑی رحیم آباد کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو زرائع کے مطابق سیاحوں کی گاڑی میں پندرہ افراد سوار تھے۔ مرنے والوں کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کے احکامات کی روشنی میں رحیم آباد گلگت کے مقام پر حادثے کا شکار سیاحوں کی میتوں و دیگر افراد کی ان کے آبائی علاقوں میں منتقلی کے لئے نیٹکو نے ایک بس اور کوسٹر فراہم کر دی ہے۔