وزیراعظم کا آرمی چیف سمیت متعلقہ عہدیداروں کو فون

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت متعلقہ عہدیداروں کو فون کرکے فیٹف کی شرائط مکمل ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

وزیرعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کانام نکلنے کے عمل پر کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون کرکے فیٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے پر مبارک باد دی اور جنرل ہیڈکوارٹرز میں ‘کور سیل’ کے قیام کے ان کے فیصلے کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کور سیل’ میں شامل سول اور ملٹری قیادت اور ٹیم کو شاباش دیتا ہوں،پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والے ٹیم کے ہر فرد پر قوم کو فخر ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کو بھی ٹیلیفون کیا۔وزیر اعظم نے وزیر خزانہ، وزیر مملکت خارجہ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔

دسری جانب وزیر خارجہ بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 21-2019 کا فیٹف ایکشن پلان بخوبی مکمل کیا، فیٹف ٹاسک فورس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول زرداری نے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں پاکستان کے لیے مثبت اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیٹف میں پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کرنا خوش آئند ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 21-2019 کا فیٹف ایکشن پلان بخوبی مکمل کیا، فیٹف ٹاسک فورس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیٹف اقدام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا، امید ہے ٹاسک فورس کی آمد کے بعد پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ فیٹف کے اہداف پورے کرنے پر تمام ٹیم تعریف کی مستحق ہیں۔