پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے اضافہ

پی ڈی ایم کی حکومت نے بالاخر عوام پر پٹرول بم گرا ہی دیا۔ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ مشکل فیصلہ تھا کہ ہم عوام پر مزید بوجھ ڈالیں اور بوجھ ڈالیں تو کتنا ڈالیں، میں پہلے سے کہتا آ رہاتھا کہ عوام کے اوپر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہے کیونکہ حکومت کو نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہینے کے پہلے 15 دنوں میں 55 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، یہ حکومت برداشت نہیں کر سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر 100 یا سوا سو ارب اس مہینے نقصان ہوگا تو ہماری سویلین حکومت چلانے کا تین گنا ہے، ایک طرف پوری حکومت چلانے کا ماہانہ خرچ 42 ارب ہے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی مد میں سبسڈی 120 ارب روپے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج رات سے پیٹرول، ڈیزل، کیروسین آئل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر کتنی سبسڈی کم کی؟

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سبسڈی میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر سبسسڈی 47 روپے 2 پیسے تھی جو کم ہونے کے بعد17 روپے 2 پیسے رہ گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ڈیزل پر سبسڈی 86 روپے 71 پیسے فی لیٹر تھی جو اب 56 روپے 71 پیسے رہ گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل پر سبسڈی 51 روپے 83 پیسے فی لیٹر سے کم ہو کر 21 روپے 83 پیسے رہ گئی ہے۔

اس کے علاوہ حکومت لائٹ ڈیزل آئل پر 67 روپے 84 پیسے فی لیٹر سبسڈی دے رہی تھی جو اب کم ہو کر 37 روپے 84 پیسے فی لیٹر پر آ گئی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا تھا جس کا اعلان رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر عمران خان کا ردعمل آگیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت بیرونی آقاؤں کے آگے جھکی ہوئی ہے، قوم نے اس کی قیمت چکانی شروع کر دی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بیرونی آقاؤں کے آگے جھکنے والوں نے پیٹرول اور ڈیزل 30 روپے مہنگا کر دیا، نااہل امپورٹڈ حکومت نے روس کے ساتھ ہماری کوششوں کو جاری نہیں رکھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے روس سے 30 فیصد سستا تیل لینے کی کوشش نہیں کی، امریکا کے اسٹریٹجک پارٹنر بھارت نے روس سے سستا تیل لیا۔

انہوں نے کہا کہ روس سے سستا تیل لینے کی وجہ سے بھارت کو تیل 25 روپے سستا پڑا، حکومت گرانے والے سازشی ٹولے کے اس اقدام سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔