پشاور: دنیا میں معدومی کے خطرے سے دوچار زیبرا کے ہاں ننھے بچوں کی آمد

دنیا میں معدومی کے خطرے سے دوچار زیبرا کے ہاں پشاور چڑیا گھرمیں 2 ننھے بچوں کی آمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور چڑیا گھر میں مختلف جانوروں کے ہاں 6 نئے مہمانوں کی آمد ہوئی ہے، چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ننھے بچوں کی حالت بہتر ہے اور ان کا ہر قسم خیال رکھا جا رہا ہے۔

ویٹرنری ڈاکٹر پشاور چڑیا گھر ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ چڑیا گھر میں چھ نئے ننھے مہمانوں کی آمد ہوئی ہے، جن میں زیبرا کے ہاں 2 جڑواں بچے بھی شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ آئی یو سی این (انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر) جو دنیا بھر میں جانوروں اور نیچر کے تحفظ پر کام کر رہا ہے، نے زیبرا کو معدومیت کے شکار جانوروں کی ریڈ لسٹ میں شامل کیا ہے۔

آئی یو سی این کے مطابق زیبرا کی تعداد دنیا بھر میں کم ہو رہی ہے، اگر ان کو نہیں بچایا گیا تو اس کی نسل دنیا سے ختم ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

ڈاکٹر عدالقادر نے بتایا کہ دنیا بھر میں تعداد میں کمی کے باوجود پشاور چڑیا گھر میں زیبرا کی افزائش نسل بہت بہتر ہے، اور ابھی زیبرا کے ہاں دو بچوں نے جنم دیا ہے، جس کے بعد چڑیا گھر میں اس وقت زیبراز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں، پشاور چڑیا گھر دو کوہان والی اونٹنیوں کے ہاں بھی ایک ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے، عربیئن اوکس، سپاٹڈ ہرنی کے ہاں بھی ایک ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ چڑیا گھر میں آنے والے ننھے مہمانوں کی اچھی طرح دیکھ بھال کر رہے ہیں، اور چڑیا گھر میں کامیاب افزائش کے باعث جانوروں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔