سانحہ تیزگام، وزیر ریلوے نے اپنے محکمے کی کوتاہی تسلیم کرلی

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مسافروں کی جانب سے ٹرین میں گیس سلنڈر لے جانے کو اپنے محکمے کی کوتاہی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس چھوٹے سٹیشنز پر سکینرز کی سہولت نہیں ہے، جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔

سانحہ تیز گام ایکسپریس کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ امیرحسین، جو تبلیغی جماعت کے امیر ہیں، نے دو بوگیاں بک کی تھیں اور اس میں محراب پور، حیدر آباد اور نواب شاہ سے مسافروں کو سوار کیا گیا، اس میں دو سلینڈر اور ایک چولہا پھٹ جانے کی وجہ سے 74 مسافر شہید ہو گئے ہیں اور 33زخمی ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع رحیم یارخان میں آج تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 65 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں حادثہ گیس سلینڈرکے پھٹنے سے پیش آیا جس کے نتیجے میں 65 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

ڈی پی او رحیم یار خان جمیل احمد نے حادثے میں 65 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ سانحہ میں اب تک 74 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 33 زخمی بتائے جاتے ہیں۔

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ سانحہ تیز گام کے حوالے سے ریلوے وزیر اپنی نالائقی پر مستعفی ہوں۔

ایک بیان میں پلوشہ خان نے کہا کہ شیخ رشید کی توجہ اپنی وزارت پر کم مخالفین کی توہین پر زیادہ ہے، شیخ رشید کے پاس وزارت رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

دوسری جانب چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر و ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، قائد ایوان شبلی فراز، قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، جمعیت علماء اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمن اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان میں پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

انہوں نے حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔