الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر کی گرفتاری کا حکم دے دیا

خیبر پختون خوا کے شہر بنوں میں ایک پولنگ اسٹیشن پر حملے کے کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مثالی فیصلہ جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر شاہ محمد کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا، اور شاہ محمد سمیت متعدد افراد کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے بنوں کے پولنگ اسٹیشن پر حملے کے جرم میں خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر شاہ محمد کو 5 سال کے لیے نا اہل قرار دے دیا، اور شاہ محمد سمیت ان کے بیٹے مامون الرشید کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ کارروائی تک مامون الرشید بھی الیکشن نہیں لڑ سکتے، صوبائی الیکشن کمشنر شاہ محمد خان، ان کے بیٹے گلباز خان، محبت خان اور قدرت اللہ کے خلاف کیس دائر کریں۔

الیکشن کمیشن نے اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسر محبت خان، حمید اللہ اور قدرت اللہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کا بھی فیصلہ کیا، اور پولیس کو مقدمات درج کر کے تمام افرادکو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ پولیس کیس کی تمام پہلوؤں کی تحقیقات کرے، صوبائی وزیر شاہ محمد خان پولنگ اسٹیشن پر حملے میں ملوث پائے گئے ہیں، وہ پولنگ اسٹاف کے اغوا اور انتخابی مواد چھیننے کے بھی مرتکب قرار پائے۔

الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ آرٹیکل 218 الیکشن ایکٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں جاری کیا ہے۔