جمرود کے پہاڑ پر سیر وتفریح کی غرض سے جانے والے لاپتہ بچوں کو بچالیا گیا

سیر وتفریح کے خاطر جمرود کی پہاڑی پر جانے والے 11 بچوں کی گمشدگی سے متعلق حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گذشتہ روز پشاور سے تفریح کیلئے جمرود کے پہاڑی علاقے میں11 بچے پکنک منانے گئےجہاں خراب موسم کی وجہ سے راستہ بھٹک کر گم ہوگئے تھے۔

پہاڑ پر راستہ بھولنے والے لڑکوں نے اپنی مدد کیلئے ویڈیو بنا کر گھر والوں کو بھیجی، سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے بعد انتظامیہ کی ٹیمیں بچوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں اور بچوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر منصور ارشد کے مطابق گوگل لوکیشن کی مدد سے ریسکیو 1122 اور انتظامیہ کی ٹیمیں بچوں تک پہنچنےمیں کامیاب ہوئیں، پہاڑی پر لاپتہ تمام بچے اب محفوظ ہیں۔

اس سے قبل بچوں کی گمشدگی کی خبر پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود احمد خان نے نوٹس لیا تھا، ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ فوری طور پر بچوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے اور بچوں کو ڈھونڈنےکیلئے کی جانے والی کوششوں سےآگاہ رکھاجائے۔