شدید برفباری: این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

شمالی علاقہ جات میں آئندہ چند روز کے درمیان برفباری اور بارشوں سے قبل این ڈی ایم نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے شمالی علاقہ جات باالخصوص مری اور گلیات میں آئندہ چند روز کے درمیان برف باری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، مزید بارشوں اور برف باری کی پیشن گوئی کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سےنمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں، تاکہ کسی جانی ومالی نقصان سےبچاجا سکے، صوبائی ،ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متعلقہ محکموں سے رابطہ قائم کرے، حساس مقامات پرمشینری، ایمرجنسی سامان اور عملےکی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے مسافروں اور سیاحوں کو موسم صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لئے اقدامات کریں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ رواں ماہ ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری کے باعث قیمتی 23 جانوں کا ضیاع ہوا تھا گوکہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آچکی ہے اور ذمے داران کے خلاف کارروائی کا عمل بھی جاری ہے تاہم این ڈی ایم اے کی جانب سے پیشگی اقدامات قابل تحسین عمل ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مزید ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہےجبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شد ید دھند کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، لاہور اور وسطی پنجاب میں بھی مطلع ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

جمعہ سے پیر تک مزید بارشوں اور برفباری کی پشگوئی

جمعہ سے پیر تک مری، گلیات، گلگت بلتستان، کشمیر سمیت دیگر کئی علاقوں میں شدید برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس دوران لینڈسلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، سیاحوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ جمعہ کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث جمعہ کی شام اور رات سے پیر کی صبح کے دوران اسلام آباد، مری، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور قصور میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو مری، گلیات، ناران، کاغان، ہنزہ، گلگت، استور، سکردو، چترال، سوات، کوہستان، نیلم، باغ، راولاکوٹ میں چند مقامات پر درمیانی اور شدید برفباری کا امکان ہے۔ شدید برفباری کے باعث، مری، کاغان سوات، استور، سکردو، ہنزہ، گلگت، باغ اور دیگر چند اضلاع میں رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔

اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی کے میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ اور اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔