پشاور سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز اداکار رشید ناز اس دارفانی سے کوچ کر گئے

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار رشید ناز اس دارفانی سے کوچ کر گئے۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے رشید ناز کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے ان کی بہو اور اداکارہ مدیحہ رضوی نے بتایا کہ رشید ناز اب ہم میں نہیں رہے۔

مدیحہ رضوی نے لکھا کہ ”ہمارے پیارے بابا رشید ناز آج صبح اس دنیا سے رخصت ہو گئے، مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے سورہ فاتحہ ضرور پڑھیں۔” ساتھ ہی انہوں نے اپنے شوہر اداکار حسن نعمان کو بھی ٹیگ کیا۔

واضح رہے کہ رشید ناز 9 ستمبر 1948 کو پشاور میں پیدا ہوئے تھے، رشید ناز نے اپنے ٹیلی ویژن کرئیر کا آغاز 1971 میں پشتو ڈرامے سے کیا اور متعدد پشتو، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا، انہوں نے بے شمار فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ان کا پہلا اردو ڈرامہ ’ایک تھا گاؤں‘ تھا جو 1973 میں نشر کیا گیا۔ ان کا پہلا مقبول ڈرامہ ’ناموس‘ تھا۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے نجی ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’دشت‘ میں بھی کام کیا۔

رشید ناز نے 1988 میں اپنی پہلی پشتو فلم ”زما جنگ” میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

سینئر اداکار کی عمر 73 برس تھی، ان کی نماز جنازہ آج پشاور میں ادا کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سینئر اداکار رشید ناز کے انتقال پر دکھ اور افسوس اور سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ رشید نازمرحوم کے یادگار ڈرامے آج بھی پرستاروں کو یاد ہیں، وہ اداکاری میں منفرد مقام رکھتے تھے۔