جامعہ کراچی میں پشتون کلچرل ڈے کا انعقاد

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

کراچی یونیورسٹی میں پشتون کلچرل ڈے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم طلبہ و طلبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

گزشتہ روز پختون سٹوڈنٹس کونسل کے زیراہتمام منعقدہ کلچرل ڈے کے موقع پر پشتون لٹریچر، روایتی لباس، کھانے اور پشتون ثقافت کے مختلف رنگ دیکھنے کو ملے تو روزمرہ ضرورت کی مختلف روایتی اشیاء کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جن میں شرکاء نے کافی دلچسپی لی۔

اس موقع پر ادباء و شعراء نے لٹریچر اور شاعری کے ذریعے پشتون کلچر پر روشنی ڈالی اور اپنی شاعری کے ذریعے پیار، محبت اور امن اور اتحاد کا پیغام دیا۔

تقریب میں روایتی اتنڑ اور بھنگڑے ڈالے گئے اور روایتی پگڑیاں باندھے نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔

ٹی این این سے بات چیت کرتے ہوئے طلباء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقاریب معنقد ہونی چاہئیں کیونکہ اس سے طلباء کو پاکستان کے مختلف علاقوں کے ثقافت کے بارے پتہ چلے گا۔

منتظمین کے مطابق پشتون کلچرل ڈے منانے کا مقصد دنیا کو پشتونوں کا صحیح امیج دکھانا ہے کہ پشتون پرامن قوم ہے، اس کا مقصد پشتونوں میں اتحاد و بھائی چارے کے جذبات کو پروان چڑھانا ہے جو انتہائی ضروری ہے۔