حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی افواہوں کو مسترد کر دیا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا تعلیمی اداروں یا باقی جگہوں کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا ملک میں کچھ بھی بند نہیں ہوگا، اس سلسلے میں غلط فہمی نہ پھیلائی جائے، پاکستانی معیشت اس کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

دریں اثنا، ملک میں ویکسینیشن کا ایک اور سنگ میل عبور ہو گیا ہے، 10 کروڑ افراد کو کرونا ویکسین کی کم ازکم ایک ڈوز اور ساڑھے 7 کروڑ افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ابھی کام مکمل نہیں ہوا ہے، ہمیں ویکسین لگانے کی رفتار برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وبا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر شدت آنے لگی ہے، اور گزشتہ ایک دن میں 1400 سے زائد کیسز اور 2 اموات ریکارڈ کی گئیں، جب کہ کئی شہروں میں اومیکرون ویرینٹ بھی پھیلنے لگا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا صورت حال کی تازہ اعدادو شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید 2 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں، جس کے بعد کرونا سے اموات کی تعداد 28 ہزار 974 ہوگئی۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 43 ہزار 540 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے ایک ہزار 467 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اس دوران کرونا کے ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 3.33 فی صد ہوگئی۔

تعلیمی اداروں کی بندش پر غور کیلیے وفاقی وزیر تعلیم نے آج اجلاس طلب کرلیا

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافے کے پیش نظر بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا انعقاد آج ہوگا۔ اس حوالے سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اہم اجلاس صبح 11 بجے ہوگا جس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزارت صحت اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے حکام کورنا وبا کی صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تعلیمی اداروں کی بندش کی تجویز پر بھی آرا لی جائیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جو گزشتہ برس 23 ستمبر کے بعد پہلی مرتبہ ہے۔

ملک بھر میں 23 ستمبر 2021 کو 2 ہزار 233 کیسز رپورٹ کیے گئے تھے۔

کورونا ویکسینیشن ، پاکستان نے ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا

پاکستان نے کورونا ویکسین لگانے کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ، دس کروڑ افراد کو ویکسین کی کم ازکم ایک ڈوز اور 7 کروڑ 50 لاکھ افراد کی مکمل ویکسینیشن ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ روز ویکسین لگانے کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا .

ملک میں 10 کروڑ افراد کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک اور 7 کروڑ 50 لاکھ افراد کو مکمل ویکسین کی خوراک لگائی جا چکی ہے۔

گذشتہ روز سربراہ این سی او سی اسد عمر نے تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ کورونا کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی، بنیادی احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ویکسینیشن نہیں ہوئی تو ضرور کرائیں۔