پاراچنار میں انجمن تحفظ حقوق دکانداران کی حلف برادری کی تقریب

پاراچنار میں انجمن تحفظ حقوق دکانداران کی حلف برادری کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایڈیشنل اے سی پاراچنار، مختلف سیاسی سماجی و مذہبی رہنماوں، نو منتخب کابینہ سمیت کثیر تعداد میں دکانداروں نے شرکت کی۔

پاراچنار کے معروف تجارتی مرکز پنجابی بازار میں منعقدہ تقریب حلف برادری سے ایڈیشنل اے سی عامر خان اور قبایلی رہنماء نے خطاب کرتے ہوئے انجمن تحفظ حقوق دکانداران کی نئی کابینہ کو مبارکباد دی اور انہیں ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تحریک اصلاحات پاکستان ضلع کرم کے صدر پروفیسر جمیل کاظمی نے کہا کہ ضلع کرم مزید خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، بدامنی کے باعث ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتصاد امن سے وابستہ ہے اور ہمیں امن اور ایک بہترین اقتصاد چاہئے، ماضی میں ہم نے بہت فریب کھائے ہیں، اسلئے ہمیں مزید فریب خوردہ نہ بنایا جائے ہمیں امن عزیز ہے انشاء اللہ ہم ضلع کرم کے امن کو مزید خراب نہیں ہونے دینگے۔

انجمن تحفظ حقوق دکانداران صدہ بازار کے صدر حاجی ارشاد خان نے کہا کہ تاجر برادری کا کسی قسم کی سیاست اور فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں، موجودہ حالات میں بعض عناصر ضلع کرم کے امن کو خراب کرنے کے درپے ہیں.

انہوں نے اس بات کا عہد کر لیا کہ ہم کسی کو بھی اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ضلع کرم میں تجارت کا فروغ و ترقی امن سے مشروط ہے، لہذا ہم حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کیخلاف بھرپور کاروائی کی جائے۔

صدر انجمن تحفظ حقوق دکانداران پاراچنار کے صدر رمضان علی پراچہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان پر جو اعتماد کیا گیا ہے انشاء اللہ وہ دکانداروں کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور ان کے حقوق کے حصول کیلئے شبانہ روز محنت کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر تحریک اصلاحات پاکستان ضلع کرم کے صدر پروفیسر جمیل کاظمی نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا، بعد ازاں نئے منتخب شدہ صدر رمضان علی پراچہ کو ہار پہنائے گئے۔