افغان ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمد نور احمد زئی نے الزام عائد کیا ہے کہ کارخانوں پھاٹک پر ٹریفک پولیس مال بردار گاڑیوں کا پانچ سو سے ڈھائی ہزار تک کا چالان کرتی ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت متاثر ہوئی ہے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد نور احمدزئی کا کہنا تھا کہ طورخم گیٹ 24 گھنٹے کھلا رہنے کے باوجود صرف تیس فیصد گاڑیوں کی کلیئرنس کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں کچھ عرصہ سے جابجا پولیس کی خود ساختہ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جنہیں صوبائی اسمبلی کے چند اراکین کی پشت پناہی حاصل ہے۔
محمد نور احمدزئی نے وفاقی حکومت سے اس غیر قانونی عمل کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنا یہ دعویٰ پورا کریں کہ طورخم پر یومیہ ہزاروں گاڑیاں سرحد پار جاتی ہیں۔