کراچی : پولیس کی کارروائی، تحریک طالبان کے 2 دہشت گرد گرفتار

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے، ملزمان نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان سے حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر جسکانی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 2 دستی بم اور پستول برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزمان کے نام انس خان اور فردوس ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت سائٹ سپر ہائی وے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان سے حاصل کی۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم انس پہلے افغانستان میں بھی گرفتار ہوچکا ہے، ملزم 2007 سے 2012 تک پل چرخی جیل میں قید تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کے والد بھی محبوب تحریک طالبان پاکستان وزیرستان کے رکن تھے جو 2020 کو وزیرستان میں مارے گئے، گرفتار ملزمان کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔