خیبر پختونخوا: بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ میں ہوگا

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ میں منعقد کرانے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے موسم کی شدت کے باعث بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو 16 جنوری کے بجائے مارچ میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن سمیت اٹھارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

قبل ازیں صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں ملاکنڈ اور ہزارہ کے پہاڑی علاقے شامل ہیں، جہاں دسمبر سے جنوری تک برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد کو پہنچ جاتا ہے، اسی باعث وہاں کے مکین بڑی تعداد میں میدانی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق ان حالات میں الیکشن کے انعقاد سے آبادی کا بڑا حصہ ووٹ کے حق سے محروم ہو جائے گا، اگر انتخابات مارچ تک ملتوی کیے جائیں تو تمام لوگوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع مل جائے گا۔

واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں خیبر پختونخواہ کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتی جماعت تحریک انصاف کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جمعیت علماء اسلام پاکستان (فضل الرحمان گروپ) نے حیران کن نتائج دیئے۔

الیکشن میں ہونے والی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے گورنر خیبر پختونخواہ سے رپورٹ بھی طلب کی تھی جبکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کرنے اور امیدوار کے معاملے میں کارکنان کے تحفظ دور کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔