بھنگ کاشت کرنے کا تجربہ کامیاب

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمارا بھنگ کاشت کرنے کا تجربہ کامیاب رہا اس کی چار اقسام کاشت کی گئی تھیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھنگ کا ادویات اور ٹیکسٹائل اور پیپر انڈسٹری میں استعمال ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ کینسر اور درد کی ادویات میں بھی سی بی ڈی آئل کا استعمال ہو رہا ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سی بی ڈی آئل سے بننے والی ادویات کو ایکسپورٹ کیا جا سکے گا ، ہائی ویلیو کراپس میں خود انحصاری کی جانب بڑھ رہے ہیں، زراعت میں تحقیق کے ذریعے ایکسپورٹ کوالٹی مصنوعات بنانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھنگ کا بیج بھی ملک میں خود تیار کریں گے، عالمی مارکیٹ میں بھنگ کا ایک بیج بارہ ڈالر کا ہے، بھنگ کو قانونی حیثیت ملنے سے غیرقانونی چیزوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرگز کے منافع سے دس گنا زیادہ منافع بھنگ کی کاشت میں ہے، بھنگ کا سی بی ڈی آئل دس ہزار ڈالر کا ایک لیٹر ہے، اقتصادی طور پر مستحکم ہونے تک خارجہ پالیسی آزاد نہیں ہوسکتی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بھنگ کپاس کا بھی متبادل بنے گی، اس کے علاوہ ادرک کی کاشت پر کام کا آغاز کریں گے اور اس کی امپورٹ کو بھی ختم کریں گے۔

وفاقی وزیر کے مطابق بھنگ کی کاشت کے حوالے سے ایک اتھارٹی بنانے جارہے ہیں، بیرونی سرمایہ کار بھنگ کی کاشت میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔