ایل او سی پر اشتعال انگیزی، جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جوڑا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شدید فائرنگ کی جس پر پاک فوج بھی بھی موثر جواب دیا۔

بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور 3 شہری شہید جبکہ 2 سپاہی اور 5 شہری زخمی ہوگئے، پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی فوج کے 9 سپاہی ہلاک اور دشمن کے 2 بنکرز تباہ کردیئے گئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹ چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت و پاکستان اور مقامی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو آزاد کشمیر میں مکمل رسائی حاصل ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انہیں یہ آزادی حاصل نہیں۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہپدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔