ضم قبائلی اضلاع سپورٹس فیسٹیول کا رنگارنگ تقریب میں آغاز

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

پشاورمیں ڈائریکٹوریٹ سپورٹس ضم اضلاع کے زیر اہتمام ضم اضلاع قبائلی سپورٹس فیسٹول شروع ہوگیا، رنگا رنگ تقریب میں صوبائی وزیر ریلیف، بحالی وآباد کاری اقبال وزیر نے افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک، ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبداللہ شاہ، ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی، سمیت کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔

ضلع خیبر کے غزالی پبلک سکول اور روشن پبلک سکول طلباء نے ملٹری پریڈ اور ڈرل کا مظاہرہ کیا جبکہ صوبائی وزیر اقبال وزیر، ڈائریکٹر سپورٹس پیر عبداللہ شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن اعوان حسین سمیت دیگر نے روایتی رقص اتنڑ میں حصہ لیا۔

فیسٹیول میں ضم اضلاع سے تین ہزار سے زائد اتھلیٹس 17 مختلف گیمز اتھلیٹکس ، والی بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن ، باکسنگ، بیس بال، باڈی بلڈنگ، کرکٹ، فٹبال، ٹیبل ٹینس، جمناسٹک، ہاکی، جوڈو، کبڈی ، تائکوانڈو،ووشو اور ویٹ لیفٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔

اتھیلٹکس،باڈی بلڈنگ،کراٹے ، جوڈو ، جمناسٹک،باکسنگ اور ویٹ لیفٹنگ مقابلے پشاور میں،کرکٹ باجوڑ،باسکٹ بال،بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کرم اور پشاور بورڈ جبکہ والی بال اور ہاکی مقابلے تحصیل کوہاٹ ، فٹبال، تائیکوانڈو اور ووشو جنوبی وزیرستان ،ٹانک اور ڈی آئی خان میںکھیلے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیر اقبال وزیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیسٹیول کے اہتمام پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک، ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبداللہ شاہ اور محکمہ کھیل کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا.

انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں ٹیلنٹ موجود ہے اس پر توجہ اور محنت کی ضرورت ہے یہ ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے وزیرستان جیسے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کو قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ضم اضلاع کی ترقی اور کھیلوں کے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ان کی ترجیحات میں ضم اضلاع سرفہرست ہیں، ضم اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر کھیلوں کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ ہر ضم ضلع میں سپورٹس کمپلیکس بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل قبائل کا سرمایہ ہیں ضم اضلاع کی ترقی میں ان کا کردار اہم ہے۔