ضلع خیبر کے تحصیل لنڈی کوتل میں طالب علم ریحان پر تشدد کرنے والے سکول کے استاد کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لنڈی کوتل کے علاقے غنی خیل میں رائزنگ پبلک سکول میں محمد ہارون نے سکول کے طالب علم ریحان پرمبینہ تشدد کیا تھا جس کی رپورٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس لنڈی کوتل نے ایکشن لیتے ہوئے سکول کے پرنسپل اور ٹیچر کو لنڈیکوتل تحصیل طلب کیا تھا۔
بعد ضلعی انتظامیہ نے سکول کے پرنسپل کو طالب علم ریحان پر مبینہ تشدد کرنے پر استاد محمد ہارون کو سکول سے فارغ کرانے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ سکول کے استاد نے طالب علم اور ان خاندان سے باقاعدہ معافی مانگ لی۔
اس موقع پر تحصیلدار بازار زخہ خیل ندیم خان نے کہا کہ ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر محمود اسلم وزیر کی خصوصی ہدایت پر طالب علم پر تشدد کرنے والے استاد کو فوری طور پر نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری سکول اور نجی سکول کے سٹاف کو طلباء پر کسی قسم کی تشدد برداشت نہیں کرینگے اور کسی کو طلباء پر بیہیمانہ تشدد کی اجازت نہیں دینگے اور خلاف ورزی کرنے والے سٹاف کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ طلباء کے مشکلات میں کمی آسکیں۔