جنوبی وزرستان : 8واں سالانہ ٹیلنٹ ایوارڈ شو کا انعقاد

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

جنوبی وزرستان میں محسود ویلفئر ایسوسی ایشن کے تحت 8واں سالانہ ٹیلنٹ ایوارڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی کیڈٹ کالج سپینکئی نے کیا.

پروگرام میں پرنسپل کیڈٹ کالج سپنکئی رغزئی سمیت علاقے کے معززین، مشران، سماجی و مذہبی شخصیات، اساتذہ و طلبہ ،وکلاء اور صحافی حضرات نے شرکت کی۔

وزیرستان کے سرکاری سکولوں کی سطح پر بھی اعلیٰ نمبرات لینے والوں کو شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ میٹرک ، انٹر اور شہاد ۃ العالمیۃ میں علاقے کی سطح پر نمایاں نمبرات حاصل کرنے والوں کو شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا

پروگرام میں جنوبی وزیرستان کے اندر کامیاب تعلیمی ادارے چلانے والے پرنسپل صاحبان اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کرام کو بھی اسناد پیش کی گئیں۔

اس کے علاوہ شرکاء کےسامنے ماوا کی 8 سالہ کارکردگی پر مشتمل ڈاکومنٹری پیش کی گئی، جسے شرکاء نے کافی سراہا جبکہ

محسو د ویلفئیر ایسوسی ایشن کے وائس چئیرمین حاجی جہانزیب خان برکی نے کیڈٹ کالج سپنکئی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس پروگرام کی میزبانی کی ۔

ایم این اے مولانا جمال الدین  نے ماوا رضاکاروں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق ایک عظیم کام ہے، تاہم اس کے ثواب اور برکت کی بنیاد اخلاص پر ہے، اس لئے تمام رضاکاروں کو چائیے کہ اپنے کام میں جس قدر ہوسکے، خلوص پیدا کریں۔

ایم پی اے مولانا عصام الدین صاحب نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی بھی ضرورت ہے۔ ماوا کو چاہئے کہ طلبہ کی اخلاقی اور دینی تربیت کےلیے بھی پروگرامات اور ورکشاپس کا انعقاد کرے۔

پروگرام میں کراچی سے تعلق رکھنے والےایم این اے جناب سیف الرحمٰن صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ حکومت کو چاہئے کہ اس علاقے کی تعلیمی ضروریات کی جانب توجہ دے ۔ بدقسمتی سے حکومت کی توجہ اس جہت کی جانب کم ہے۔

فکس اٹ کے بانی اور ایم این اے جناب عالمگیر محسود نے ماوا کا شکریہ ادا کیا، جو محسود کمیونٹی کی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں کوشاں ہے۔

پروگرام میں سابق سنیٹر مولانا صالح شاہ نے بھی شرکت کی۔ آپ نے ماوا کی کاوشوں کو سراہا اور قومی خدمت کےسلسلے میں ہر قسم کے تعاؤن کی یقین دہانی کرائی۔

محسود آفیسرز فورم کے چئیرمین جناب کرنل یعقوب صاحب نے شرکاء پر زور دیا کہ جب تک ہمارے درمیان اتحاد و اتفاق قائم نہیں ہوتا، ہمارے مسائل ختم نہیں ہوسکتے۔

ماوا چئیرمین جناب رحمت خان صاحب نے فرمایا کہ یہ تنظیم کسی ایک فرد کی ملکیت نہیں، یہ ہم سب کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اور ہم سب نے مل کر اس کے ذریعے اپنی قوم کی خدمت کرنی ہے۔

انہوں نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دوردراز سے آکر پروگرام میں شرکت کی۔ اپنی تقریر کے دوران آپ نے خبیب فاؤنڈیشن کا ذکر بھی کیا، جو ماوا کے ساتھ مختلف پراجیکٹ میں تعاؤن کررہی ہے۔

انہوں نے پرنسل کرنل طارق اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کی، جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور کوشش کی۔

انہوں نے پرنسپل صاحب سے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ اس کالج میں محسود قوم کے کوٹے میں مزید اضافہ کیا جائے ، تاکہ زیادہ سے زیادہ مقامی طلبہ اس معیاری ادارے سے فیض یاب ہوسکیں۔

کیڈٹ کالج سپنکئی کے پرنسل کرنل طارق نے کہا کہ ہمارا ادارہ ماوا کے لیے ہر وقت کھلا ہے ،ہماری خواہش ہے کہ ہم ایک ساتھ مل کر چلیں ، تاکہ اس علاقے سے جہالت کی تاریکیوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کرسکیں۔