این سی او سی کا بچوں کی کورونا ویکسینیشن کی معطلی کا فیصلہ

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے بچوں کی کورونا ویکسینیشن کی معطلی کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 12تا 15 سالہ بچوں کی ویکسینیشن جزوی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، بچوں کی ویکسینیشن 15تا 27نومبر معطل رہے گی۔

اس حوالے سے این سی او سی نے یہ بھی بتایا کہ ویکسینیشن کی معطلی کا فیصلہ قومی انسداد خسرہ و روبیلا مہم کے باعث ہوا۔ قومی انسداد خسرہ و روبیلا مہم 15تا 27نومبر جاری رہے گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا سے متعلق پابندیوں پر نظر ثانی کی اور کووڈ19 کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ پابندیوں پر نظرثانی کا فیصلہ کورونا کی صورت حال میں بہتری پر کیا گیا، کورونا کی پابندیوں پر نظر ثانی کا مقصد شہریوں کی حوصلہ افزائی ہے.

انہوں نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کی بہتر شرح والے شہروں کے لیے پابندیوں میں نرمی ہوگی، کورونا پابندیوں میں نرمی سے زندگی معمول پر آئے گی۔

دسرے جانب پاکستان میں کوروناکیسزکی شرح تیسرے روز بھی ایک فیصد سے کم ریکارڈ کی گئی اور صرف 6 اموات اور 240 کیسز رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا کے مزید 6 مریض انتقال کرگئے ، جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 28ہزار612 ہوگئیں۔

این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 32ہزار466 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 240 افراد میں کورونا مثبت نکلا ، اس دوران کورونا ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 0.73 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 111 زیرعلاج مریضوں کی حالت تشویشناک ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 79 ہزار 876 تک پہنچ گئی ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد چار لاکھ 73ہزار 199 ، پنجاب میں 4 لاکھ 73 ہزار903 ، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 79 ہزار122 اور بلوچستان میں 33 ہزار 400 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 7 ہزار 339، گلگت بلتستان میں 10 ہزار401 ، اور آزاد کشمیر میں 34 ہزار 512 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

خیال رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کورونا سے متعلق پابندیوں پر نظر ثانی کی اور کووڈ19 کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا جبکہ بارہ سے پندرہ سال کے بچوں کی ویکسی نیشن پندرہ سے ستائیس نومبر تک روک دی ہے۔