افغانستان کو گندم فراہم کرنے کی سمری منظور

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

 اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان کو گندم کی فراہمی کی سمری منظور کر لی گئی۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا۔

ای سی سی نے 15 نکاتی ایجنڈے میں سے 11 نکات کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مضر صحت میٹھے مشروبات اور تمباکو پر ٹیکس لگانے کی سمری مؤخر کر دی گئی جبکہ کھاد کے کارخانوں کے لیے لیٹ پیمنٹ سرچارج کی سمری منظور کی گئی۔

پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن کے لیے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی اور پاور ڈویژن کے اخراجات کے لیے 3 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی سمری بھی منظور کر لی گئی۔

ذرائع کے مطابق گندم کی درآمد سے متعلق چھٹا ٹینڈر کھولنے کی منظوری مؤخر کر دی گئی جبکہ افغانستان کو گندم کی فراہمی کی سمری منظور کر لی گئی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی اسٹریٹجی کے تحت گندم افغانستان کو برآمد ہو گی۔

پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے لیے سیکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی سمری منظور کر لی گئی۔ خیبرپختونخوا کے تیل و گیس نکالنے والے اضلاع میں گیس نیٹ ورک کی بحالی کی منظوری اور اسٹریٹجک اسٹیٹ پالیسی فریم ورک کی منظوری دی گئی تاہم احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کی سمری مؤخر کر دی گئی۔