بلدیاتی انتخابات : خیبر، مہمند سمیت ہنگو میں 19 دسمبر کو پولنگ

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر سے خیبر پختونخوا میں ہوں گے جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 4 نومبر سے 8 نومبر تک جمع کروائے جا سکیں گے

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 10 سے 12 نومبر تک کریں گے۔ جبکہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 16 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی۔

ٹربیونلز 19 نومبر تک اپیلوں پر فیصلہ کریں گے اور الیکشن کمیشن 23 نومبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کردے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈی آئی خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، ہنگو اور لکی مروت میں بھی 19 دسمبر کو پولنگ ہوگی۔

انتخابات تحصیل اور نیبرہُڈ کونسل کے لیے ہوں گے، جس میں ووٹر اپنے میئر/چیئرمین اور اراکین منتخب کرنے کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

گذشتہ ماہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا تھا ، چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تیاری کریں۔

دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل کے پی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ دوبارہ صوبائی کابینہ کے سامنے رکھا ہے، بلدیاتی الیکشن کا پہلا فیز نومبر میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔

اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ تمام صوبوں کو سن کر بلدیاتی الیکشن پر آرڈر پاس کریں گے، آپ تین دن میں صوبائی کابینہ سے مشاورت کے بعد پلان دے دیں۔