سعودی عرب کیجانب سے پاکستان کیلئے تین ارب ڈالر کی فراہمی

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کی مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے تین ارب ڈالر کی خطیر رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دی، جبکہ سعودی عرب سالانہ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کا تیل ادھار کی بنیاد پر فراہم کرے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق پاک سعودی تعلقات کی ایک اور بہترین مثال سامنے آگئی.

سعودی عرب نے پاکستان کی مالی معاونت کے لیے تین ارب ڈالر کی رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دی، تاکہ پاکستان کی معیشت کو سہارا ملے اور پاکستان کے زرمبادلہ کے کم ہوتے ہوئے ذخائر میں اضافہ ہوسکے۔

اسی طرح سعودی عرب نے پاکستان کو تیل ادھار دینے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے تحت سعودی عرب ایک ارب 20 کروڑ ڈالر سالانہ ادھار پر تیل بھی فراہم کرے گا، جس سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری اور وزیر توانائی حماد اظہر نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں تین ارب ڈالر جمع ہونے اور تیل ادھار ملنے والے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے اس حوالے سے ٹوئٹس بھی کی ہیں۔

وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے مالی پیکیج سے ملکی معیشت کو بہتر کرنے اور روپے کی قدر میں استحکام لانے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیر اعظم کا پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی ولی عہد محمدبن سلمان کا شکریہ

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی ولی عہد محمدبن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مشکل وقت میں سعودی عرب نے ہمیشہ ساتھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی.

انھوں نے اسٹیٹ بینک میں3 بلین ڈالرجمع کرنےکااعلان کیا ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی اعانت کیلئے1.2ارب امریکی ڈالربھی دیں گے، دنیا کو اشیا کی بڑھتی قیمتوں کا سامنا ہے ، اس کے باوجود سعودی عرب نے مدد کی۔

دوسری جانب مشیرخزانہ شوکت ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سعودی عرب اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالررکھےگا جبکہ 1.2 ارب ڈالر مؤخر تیل کی ادائیگیوں کیلئے بھی دے گا، کل شام کو سعودی وزیر خزانہ نے فراخدلانہ اقدام کےبارےمیں آگاہ کیا، سعودی حکومت اور ولی عہد کا اس اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

یاد رہے سعودی عرب نے پاکستان کو معاشی پیکج دینے کے لیے 3 ارب ڈالرز سپورٹ فنڈز دینے کا اعلان کیا تھا، یہ رقم پاکستان اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کی جائے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پٹرولیم مصنوعات کی اعانت (تیل کی خریداری) کیلئے 1 ارب 20 کروڑ ڈالرز کے فنڈز فراہم کرے گا۔ سعودی عرب کی جانب سے فنڈز موصول ہونے کے بعد پاکستان کےزرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گی۔

اس حوالے سے سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے نے بتایا تھا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں میں معاونت اور کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستانی سینٹرل بینک میں 3 ارب ڈالرز جمع کرائے گا۔