لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا اور اس فیصلے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کی منظوری دے دی اور سمری کے پیرا 6 میں افسروں کے پینل سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کا تقرر کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت دفاع کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو افسران کے ناموں کی سمری بھیجی گئی جس پر انہوں نے غور کیا۔ وزیراعظم نے سمری میں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کے لیے مجوزہ تمام امیدواروں کے انٹرویوز بھی کیے۔

وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت کا آخری دور آج ہوا۔

تفصیلی مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا۔ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر 20 نومبر 2021ء سے کیا گیا ہے۔

سبکدوش ہونے والے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی پیشہ ورانہ زندگی پر ایک نظر

ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیے گئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائنمنٹس کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کا آبائی علاقہ موہرا شیخاں کونٹریالہ، گوجر خان، راولپنڈی ہے، ان کا تعلق 78 ویں پی ایم اے لانگ کورس ہے.

انہیں پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن دیا گیا۔ وہ کمبائنڈ آرمز سینٹر برطانیہ، اسٹاف کالج کوئٹہ، ایڈوانس اسٹاف کورس برطانیہ، این ڈی یو اسلام آباد، اے پی سی ایس ایس امریکا اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں

انہوں نے کنگز کالج لندن اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے ماسٹر کی ڈگری رکھتے ہیں۔

وہ مغربی سرحد اور ایل او سی دونوں پر کمانڈ کے علاوہ بلوچستان میں طویل خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران جنوبی وزیرستان ایجنسی، کرم ایجنسی اور ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی قیادت کی

انہوں نے آپریشن ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم پی ایم اے، اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں انسٹرکٹر رہے جبکہ اسٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ بھی رہے، وہ باسکٹ بال اور کرکٹ شوق سے کھیلتے ہیں

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیے جانے سے پہلے کور کمانڈر کراچی کے عہدے پر فائز تھے۔