پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دے دی

Share on facebook
Share on pinterest
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستانی باولرز نے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا جس کے باعث بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 151 رنز بنائے.

پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 17.5 اوورز میں یہ ہدف پورا کر لیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو 100 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ریکارڈ اوپننگ شراکت قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا، بابراعظم نے 52 گیندوں پر 68 جبکہ محمد رضوان نے 55 گیندوں پر 79 رنزسکور کئے۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارت کی جانب سے کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں روہت شرما کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اپنے دوسرے اوور میں راہول کو بھی صرف 3 رنز پر بولڈ کر دیا۔

ویرات کوہلی نے سوریا کمار یادو کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر 11 رنز بنانے والے یادوو کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا

ویرات کوہلی نے رشپ پانٹ کے ساتھ مل کر 38 گیندوں پر 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم پانٹ 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے، رویندرا جڈیجا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا صرف 11 رنز بنا سکے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تاہم شاہین نے انہیں 57 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حسن علی نے 2، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کوشش یہی ہے کہ پاکستان ٹیم کو آگے لیکر جائیں: شاہین شاہ آفریدی

پاکستان کے اوپنربلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ انہوں نے بھارت کے خلاف پہلا میچ کھیلا اور انہیں کچھ مختلف نہیں لگا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد شاہین آفریدی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ شاہین آفریدی کےاسپیل نےمیچ بدل دیا،بھارت کے ساتھ میچ کھیل کر کچھ مختلف نہیں لگا۔

بھارت کے خلاف تباہ کن باولنگ کرنے اورمین آف دی میچ شاہین آفریدی نے کہا کہ کوشش یہی ہےکہ پاکستان ٹیم کو آگے لیکر جائیں۔ تمام پاکستانیوں کومبارکباد دیتا ہوں، انہیں آج کی جیت سے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی۔ انہوں ںے ٹیم کی قیادت کرنے پر بابر اعظم کو خصوصی طور پر مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ محمد رضوان اور شاہین آفریدی نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ اپنے کھلاڑیوں کے ہمراہ دیکھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے دوران اپنے کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹی وی پر پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھا۔