عید میلادالنبی ﷺ پر صدر، وزیراعظم اور دیگر وزراء کا پیغام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے 12 ربیع الاوّل کے مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن اللہ تعالیٰ کےحضور خصوصی شکر بجا لانے کا دن ہے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں حضرت محمد خاتم النبیین کا اُمتی ہونے کا شرف بخشا۔ اللّٰہ تعالیٰ نے آپﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا، حضورﷺ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ آپﷺ نے قبائلی عصبیت و قومیت کے بت کو پاش پاش کیا، آپﷺکی اطاعت وفرمانبرداری ہی دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر فروغ نسیم، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیر مملکت فرخ حبیب، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور دیگر نے 12 ربیع الاوّل کے مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کی اسوہ حسنہ پوری کائنات کیلئے مشعل راہ ہیں۔