محکمہ موسمیات نے آج سے خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہرکیا ہے۔
محکمہ کے مطابق آج شام سے صوبے کے تمام ضلعوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں بارش میں شدت، طوفانی ہواؤں، آسمانی بجلی گرنے کا بھی اندیشہ ہے اور یہ سلسلہ اتوار کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہرکیا ہے۔
اس سلسلے میں قدرتی آفات کے دوران انتظامی ادارے این ڈی ایم اے نے بھی تمام ضلعو کے ڈپٹی کمشنرز کو خط ارسال کیا ہے کہ ہرقسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں کہ جانی اور مالی نقصان کم ہوسکیں۔
این ڈی ایم اے نے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز میں تیز بارش کے ساتھ آنے والے چار پانچ دنوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
دوسری جانب اپر دیر میں مسلسل دوسرے روز بھی بارش ہوئی اور ساتھ میں ژالہ باری نے کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچایا۔ اپر دیر میں گزشتہ روز بارش کے بعد ندی میں سیلاب آنے سے تین بچے ڈوب کرجاں بحق ہوگئے تھے۔
ایک رات پہلے مردان میں بھی طوفانی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے اگر ایک طرف گھروں کی چھتیں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے تھے بلکہ دوسری طرف فصلوں، باغات اور بجلی کے نظام کو بھی سخت نقصان پہنچا تھا۔
این ڈی ایم اے نے آنے والے چار پانچ دنوں میں زمیداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ فصلوں کی حفاظت کی خاطرمختلف تدابیر اپنائیں کہ ان کا تاوان کم سے کم ہوسکیں۔