پاکستان میں کورونا وبا کا زور ٹوٹ گیا‌

پاکستان میں کورونا وبا کا زور ٹوٹ گیا ، ایک دن میں 21 اموات ریکارڈ کی گئی اور ایک ہزار 21 کیسز رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا وبا کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹےمیں کورونا کے مزید21مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 28 ہزار 173 ہوگئی۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار578کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے ایک ہزار 21 نئے کورونا متاثرین سامنے آئے، اس دوران کوروناٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 2.34 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک میں اس وقت کورونا کے تشویشناک کیسزکی تعداد2ہزار257 ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 60 ہزار 669 تک پہنچ گئی ہے۔

صوبوں میں کورونا کیسز کے اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد چار لاکھ 63 ہزار 703 ، پنجاب میں 4 لاکھ 36 ہزار 720 ،خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 76 ہزار 194 اور بلوچستان میں33 ہزار 092 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ چار ہزار 764 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 359، اور آزاد کشمیر میں34 ہزار 360 کیسز سامنے آچکے ہیں۔