پاکستان میں‌ موسم سرما کی پہلی شدید برفباری

خیبرپختون خواہ اور گلگت بلتستان کے شمالی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ہے، جس کے باعث سیکڑوں سیاح اور مسافر پھنس گئے تھے۔

وادی سوات کے بالائی علاقوں، کمراٹ، کالام، مٹلتن سمیت دیگر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری اتوار کی شب سے شروع ہوئی، جس کا وقفے وقفے سے سلسلہ جاری ہے۔

برفباری کے بعد پہاڑوں سفید برف سے چھپ گئے جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ بالائی علاقوں میں شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا۔

علاوہ ازیں دیر بالا اور لواری کے پہاڑوں پر بھی موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، جس کے بعد وہاں درجہ حرارت منفی ہوگیا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے بلند مقام بابو سر ٹاپ پر بھی اچانک برفباری شروع ہوئی، جس کی وجہ سے وہاں پر سیکڑوں سیاح پھنس گئے۔

ڈپٹی کمشنر سعد بن اسد نے بتایا کہ تمام عملہ جائے وقوع پرموجود ہے،امدادی کارروائیاں جاری ہیں، کچھ مسافر انتظامیہ کے ساتھ تعاون نہیں کررہے جبکہ خیبرپختون خواہ کی ضلعی انتظامیہ کو درپیش مسائل سےآگاہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بابوسر شاہراہ پر سفری پابندی عائدکر دی گئی ہے۔

دوسری جانب سوات کے بالائی علاقوں وادی کالام کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی ہلکی برفباری میدانی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

سوات کے میدانی علاقوں مینگورہ شہر اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی، جب کہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ وادی کالام کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش سے میدانی علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور پہاڑی علاقوں میں موسم سرد ہونے کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے۔